منگلورو،29؍نومبر (ایس او نیوز) منگلورو میں دو دن پہلے بیجئ علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کی دیوار پر اشتعال انگیز پیغام لکھنے کے بعد بالکل اسی انداز میں آج پھر ایکدیوار پر شرانگیز نعرہ لکھا ہوا پایا گیا ہے۔
اتوار کو نظر آنے والی یہ اشتعال انگیز تحریر عدالت کے احاطے میں موجود پرانے پولیس آؤٹ پوسٹ پر پائی گئی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ سنیچر دیر رات میں شرپسندوں نے یہ حرکت کی ہوگی۔ پچھلے پیغام ہی کی طرح اس بار بھی یہ نعرہ اسپرے پینٹ سےاردو متن کے ساتھ انگریزی میں لکھا گیا ہے : ’’گستاخ ِ رسول کی ایک ہی سزا۔ سر تن سے جدا‘‘
منگلورو میں دو دن کے اندردو مرتبہ عام جگہوں پر رات کے اندھیرے میں کی گئی اس طرح کی شرپسندانہ حرکتوں سے عوام کے اندر بہت زیادہ وحشت اور تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ اس کے اشتعال انگیز پیغام اور نعروں سے صاف محسوس ہوتا ہے کہ ایک مخصوص فرقے کو نشانے پر لینے اور عوام کے اندر اس کے خلاف شک وشبہات اور نفرت پیدا کرنے کے علاوہ شہر کے امن وامان کی صورت حال کو بگاڑنے کا کوئی بہت بڑا منصوبہ کیا جارہا ہے ۔ اور اس کے پیچھے کوئی بڑا سازشی ہاتھ ضرور موجود ہے۔ عوام پولیس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ان معاملات کی گہرائی سے جانچ کرے اور جلد از جلد امن کے دشمنوں کا پتہ لگائے تاکہ کسی بڑے تباہ کن انجام سے بچا جاسکے۔